بنگلورو،5/مارچ(ایس او نیوز)کووڈ کے بعد بروہت بنگلورو مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) کی جائیداد ٹیکس وصولی میں سال در سال اضافہ ہو نے لگا ہے۔ رواں مالیاتی سال کے اختتام کے لئے ابھی بھی ایک ماہ باقی رہنے کے دوران28فروری تک ریکارڈ3,118کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس وصول کئے گئے ہیں۔
اطلاع کے مطابق گزشتہ 2021-22مالیاتی سال میں 3,089کروڑ روپئے جائیدادا ٹیکس وصول کر تے ہو ئے پہلی مر تبہ3ہزار کروڑ روپئے کا نشانہ پار کیا گیا لیکن اس مرتبہ مالیاتی سال مکمل ہونے کے ایک ماہ پہلے نیا ریکارڈ قائم کیا جا رہا ہے۔ بی بی ایم پی میں شعبہ محصولات کے افسروں نے بتا یا کہ فی الوقت دفتری اوقات میں اندازا6تا10کروڑ روپئے اکھٹا ہو رہے ہیں،مارچ کے آخر تک600 کروڑ روپئے سمیت مجموعی طو ر پر رواں مالیاتی سال میں 3,758کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس وصولی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ کووڈ کے دوران 2019-20میں 2,659کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس کے طورپر وصول کئے گئے تھے۔ لاک ڈاؤن، مالی بحران کے 2020-21 سال میں 2,680کروڑ روپئے اور2021-22 کے دوران3ہزار کروڑ روپئے وصول ہوئے تھے۔
بتا یا جا تا ہے کہ سب سے زیادہ جائیداد ٹیکس باقی رکھنے والوں کی فہرست تیار کر کے وصول کرنے کندایہ وصولی افسران کا مقرر ہ نشانہ،بیسکام سمیت مختلف عوامی محکمہ جات کو جاری دستاویزات کی جانچ سمیت مختلف اقدامات کی وجہ سے جائیداد ٹیکس میں اضافہ ہوا ہے۔ اسکے علاوہ آن لائن جائیداد ٹیکس ادائیگی کے نظام میں سدھار،جائیداد ٹیکس وصولی میں بہتر مظاہرہ کر نے و الے افسران کو ایوارڈ پیش کر نے،تہنیت سے نوازاجانے سے بھی ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے۔ بتا یا جا تا ہے کہ گزشتہ سالوں میں جائیداد ٹیکس وصولی کے لئے مقرر ہ نشانہ پا رکرنے کی کو ئی مثال نہیں ہے اور رواں مالیاتی سال میں ایک ماہ کے دوران1ہزار کروڑ روپئے جائیدادا ٹیکں کی وصولی نا ممکن نظر آتی ہے۔
بی بی ایم پی کے شعبہ محصولات کے اسپیشل کمشنر ڈاکٹر آر ایل دیپک نے بتا یا کہ جائیداد ٹیکس وصولی کے لئے اٹھائے گئے چند اقدامات کی وجہ سے وصولی میں اضافہ ہوا ہے،فروری کے آخر تک 3,100کروڑ روپئے کا نشانہ پار کیا گیا ہے، رواں سال کے اختتام تک 3,600تا 3,700کروڑ روپئے ٹیکس کی وصولی کی توقع ہے۔انہوں نے بتا یا کہ بومنہلی زون میں 333.79 کروڑ، داسرہلی زون میں 93.2 کروڑ،ایسٹ زون میں 563.16 کروڑ، مہادیو پورہ زون میں 813.43 کروڑ، راجا راجیشوری نگر زون میں 209.98 کروڑ، ساؤتھ زون میں 465.07 کروڑ، ایسٹ زون میں 346.87کروڑ اور یلہنکا زون میں 275.81کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس کے طور پر وصول کئے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ جاریہ مالیاتی سال کے دوران4,189کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس کے طور پر وصول کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔